جھاڑو پھرتے پھرتے آخری کونے تک پہنچ گیا‘ شیخ رشید

111

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جھاڑو پھرتے پھرتے آخری کونے تک آگیا‘ ابھی تو کھیل شروع ہوا‘ آگے آگے دیکھیں ہوتا ہے کیا‘ مولانا فضل الرحمن وزیراعظم کا استعفا لیتے لیتے چیئرمین سینیٹ تک پہنچ گئے‘فضل الرحمن سمیت ساری اپوزیشن جتناچاہے چیخ لے
انہیں کچھ نہیںملے گا۔ انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سے کہا جس جس نے قوم کا پیسہ کھایا ہے وصول کیا جائے‘ قوم کو پہلے بھی کہا جو جتنا چیخ رہا ہے‘ وہ ٹکٹکی کے قریب ہے‘ بعض لوگوں کے وکٹ کے دونوں طرف تعلقات ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بڑے ادارے ریلوے ورکشاپوں پر سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں‘ ٹرینوں کی تاخیر کا نوٹس لیا ہے‘ جلد5 نئی ٹرینیں چلانے جا رہے ہیں‘ ریلوے کی مال گاڑیوں سے مقررہ اہداف سے زاید آمدن ہوئی‘6 ماہ بعد ریلوے ملازمین کی تنخواہوں میں10فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکا کامیاب ثابت ہو گا‘ اگر ری شیڈولنگ کی سپورٹ مل گئی تو حکومت نئے انداز کے ساتھ معیشت کی بہتری کی طرف آئے گی‘ اپوزیشن اس سے 4 گنا بھی اکٹھی ہو جائے تو ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا‘ مولانا فضل الرحمن سیاست کی بنیاد پر لوگوں کو اسلام آباد لائیں‘ دنیا ادھر سے ادھر ہو سکتی ہے‘ کوئی طاقت مدارس کی طرف بری نظر سے نہیں دیکھ سکتی‘ کلبھوشن یادیو کیس میں پاکستان کی طرف سے زبردست کیس لڑا گیا اور فتح حاصل ہوئی۔
شیخ رشید