افواج پاکستان نے ملکی سرحدوں کا بھرپور دفاع کیا، ترجمان پاک فوج

330

ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان نے ملکی سرحدوں کا بھرپور دفاع کیا جس کے باعث ملک  کی داخلی سلامتی کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔

واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستانی عوام اورسیکیورٹی اداروں کی کوششیں اور قربانیاں رنگ لارہی ہیں،پاکستان کی داخلی سلامتی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے جب کہ دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ سے ملکر بحالی کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بنیادی توجہ اب بلوچستان کی طرف ہے، بلوچستان میں حکومتی ترقیاتی منصوبے فوج کی مدد سے جاری ہیں۔

میجرجنرل آصف غفور نے پاک افغان سرحد پر باڑ کوسیکیورٹی کیلئے اہم قرار دیا۔ انکا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے سے سرحدی کنٹرول میں بہتری آ رہی ہے۔ اس سے دہشتگردی کے واقعات بتدریج کم ہوں گے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستانی میڈیا نے بیرون ملک پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔