ایران نے برطانوی آئل ٹینکر قبضے میں لے لیا

576

ایران نے آبنائے ہرمز میں ایک برطانوی ٹینکر کو قبضے میں لیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران کے پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں ’دی سٹینا امپیرو‘ نامی برطانوی آئل ٹینکر کو قبضے میں لیا ہے۔ میری ٹائیم آرگنائزیشن آف ایران کا کہنا ہے کہ ہمیں اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ ایک برطانوی ٹینکر مسائل پیدا کر رہا ہے جس پر ہم نے فوج کو اس ٹینکر کو بندرگاہ پر لے جا کر تفتیش کرنے کا کہا۔

ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق پاسداران انقلاب نے اس ٹینکر کو 3 وجوہات پر روکا گیا، پہلی یہ کہ اس نے اپنا جی پی ایس سسٹم بند کر دیا، دوسری یہ کہ یہ آبنائے ہرمز میں درست راستے کے بجائے باہر جانے کے راستے سے داخل ہوا اور تیسری یہ کہ اس نے تمام تر پیغامات کو نظر انداز کیا۔

دوسری جانب برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے خلیجِ فارس میں روکے جانے والے برطانوی آئل ٹینکر کو نہ چھوڑا تو انہیں سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے جب کہ بحری جہاز کو چار کشتیوں اور ایک ہیلی کاپٹر نے گھیرے میں لیا ہوا ہے۔

برطانوی آئل ٹینکر کے مالکان کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکر پرعملے کے 23 افراد سوار ہیں اور ان کا رابطہ جہاز کے عملے سے نہیں ہو پا رہا۔

واضح رہے گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرون گرائے جانے کا دعویٰ کیا تھا، اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یو ایس ایس باکسر نامی امریکی بحری جہاز نے اپنے 100 گز تک قریب آنے والے ایرانی ڈرون کو اپنے دفاع میں مار گرایا تھا تاہم ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ڈرون گرائے جانے کے امریکی دعوے کو مسترد کر دیا تھا۔