قبائلی اضلاع میں پہلے صوبائی انتخابات کیلئے ووٹنگ جاری

355

پشاور: قبائلی اضلاع میں خیبرپختونخوا اسمبلی کی 16 نشستوں پر انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں پہلی بار قبائلی اضلاع کو نمائندگی دینے کے لیے انتخابات آج ہورہے ہیں۔ صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر انتخابات کے لیے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گی۔

انتخابات میں 285 امیدوار میدان میں ہیں جن میں 2 خواتین امیدوار بھی شامل ہیں جب کہ 28 لاکھ ایک ہزار 837 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ مرد ووٹرز کی تعداد 16 لاکھ 71 ہزار 308 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 11 لاکھ 30 ہزار سے زائد ہے۔

قبائلی اضلاع میں 1897 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، مرد ووٹرز کے لیے 482، خواتین کے لئے 376 اور 1039 مشترکہ پولنگ اسٹیشنوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ 5653 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جن میں سے مرد ووٹرز کے لیے 3437 اور خواتین کے لیے 2216بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔

پولنگ کے دن امن و امن کو برقرار رکھنے کے لئے پاک فوج کے جوان بھی تعینات ہیں جب کہ صوبائی الیکشن کمشنر کے دفتر میں شکایات سیل بھی قائم کیا گیا ہے۔ 554 پولنگ اسٹیشنوں کو زیادہ حساس، 614 کو حساس اور 882 پولنگ اسٹیشنوں کو معمول کے مطابق قرار دیا گیا ہے۔

انتخابات کے انعقاد کے لئے 1897 پریذائڈنگ افسران، 5653 اسسٹنٹ پریذائڈنگ افسران اور 5653پولنگ افسران تعینات کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے نتائج واٹس ایپ پر بھیجے جائیں گے۔

صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں میں سے ضلع باجوڑ میں 3، خیبر میں 3، مہمند، کرم، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دو دو نشستوں جبکہ ضلع اورکزئی اور ڈسٹرکٹ سابق فرنٹیر ریجن میں ایک ایک صوبائی نشست کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔