بڑے چوروں کو میانوالی جیل میں ڈال دیں پیسے واپس کردینگے،شیخ رشید

145

میانوالی (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بڑے بڑے چوروں اور ڈاکوئوں کو ائر کنڈیشن ہوٹل نما جیلوں، اسپتالوں میں رکھنے کے بجائے میانوالی جیل میں ایک مہینے کیلیے رکھیں تو وہ لوٹا ہوا ایک ایک پیسہ واپس کر دیں گے‘ 777جہاز کے بجائے وزیراعظم معمول کی پرواز پر عام مسافر کی طرح امریکا جائیں گے ‘یہ ہوتی ہے حقیقی تبدیلی‘ عوام اور ہمیں یقین ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنی صلاحیتوں کے ذریعے آئی ایم ایف کے قرضوں کو ری شیڈول کرانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔وہ میانوالی میں میانوالی لاہور ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ اربوں کی کرپشن کرنے والوں کو نائن اسٹار ہوٹل میں رکھا گیاہے اور انہیں60 انچ کی ایل سی ڈی کی سہولت دی گئی ہے‘ جب وہ اے سی جیل اور اے سی اسپتال سے نکلتے ہیں تو پروڈکشن آرڈرز کے ذریعے اے سی پارلیمنٹ میں پہنچ جاتے ہیں‘ میرا مشورہ ہے کہ ان چوروں اور ڈاکوئوں کو ایک ماہ کیلییمیانوالی جیل میں بھیج دیں تو یہ لوٹے ہوئے سارے پیسے واپس کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ1990ء سے ماڑی انڈس ریل بند ہوئی‘ اس کے بعد 28 کلومیٹر ٹریک خراب ہے‘ اگر وزیراعظم عمران خان ہمیں پی ایس ڈی پی میں فنڈز دیِں تو اس ٹریک کو ٹھیک کر کے سفر کے دورانیے کو مزید کم کر دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے10ماہ میں70 لاکھ مسافر زیادہ اٹھائے ہیں اور50 مال بردارگاڑیوں کو ٹریک پر لائے ہیں‘ 36 ٹرینوں کی تیاری کا کریڈٹ ریلوے ملازمین اور افسران کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے سی پیک کے اربوں روپے ضائع کیے ہیں‘ سی پیک میں ٹرین کیلیے منصوبے شامل ہیں‘ ہم نے 10ارب روپے پچھلے سال سے زیادہ بچائے ہیں۔
شیخ رشید