جاپان پاکستان میں کھیلوں کے فروغ میںتعاون جاری رکھے گا

435

اسلام آباد (جسارت نیوز) پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر کینوری مٹسوڈھا نے کہا ہے کہ ان کا ملک کھیلوں کے شعبوں اور متعلقہ صنعتوں میں پاکستان کو ہر ممکن امداد کی فراہمی جاری رکھے گا۔ یہ بات انہوں نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سیّد عارف حسین سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ٹوکیو اولمپکس 2020ء کی تیاریوں، اسپورٹس ڈپلومیسی پر تبادلہ خیال کیا۔ عارف حسن نے جاپان کے سفیر کو یوتھ اسپورٹس ڈویلپمنٹ کے حوالہ سے آگاہ اور دونوں ملکوں کے مابین اسپورٹس ڈپلومیسی بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ ٹوکیو اولمپکس 2020ء کی بھرپور انداز میں تیاریاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ایتھلیٹس ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کے منتظر ہیں۔ کھیلوں کے شعبوں میں جاپان اپنا تعاون مزید بڑھائے گا۔ سفیر نے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جاپان جوڈو فیڈریشن کی جانب سے اگلے سال کے اوائل میں پاکستان جوڈو فیڈریش کو خاصی تعداد میں ٹاٹامی میٹس اور جوڈو کسٹیومز پیش کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دونوں ملکوں کے عوام کے مابین رابطوں کو فروغ دینے کیلئے عارف حسین کیساتھ تعاون کے خواہاں ہیں۔ فریقین نے سفارتکاری اور کاروبار کے شعبوں میں کھیلوں کے کردار کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ جاپانی سفیر نے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت میں کھیلوں کی اہمیت کی ضرورت پر زور دیا۔