ورلڈکپ ٹیم کے انتخاب میں غلطیاں ہوئیں، سہیل تنویر

137

لاہور( جسارت نیوز)آل راؤنڈر سہیل تنویر کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کا صرف کپتان کو ذمہ دار ٹھہرانا درست نہیں،پوری ٹیم ہی جیتتی یا ہارتی ہے،گرین شرٹس نے اسکواڈ اور پلیئنگ الیون کے انتخاب میں غلطیوں کا خمیازہ بھگتا۔ سہیل تنویر نے کہاکہ ورلڈکپ میں پاکستان کی شکست کا ذمہ دار صرف کپتان سرفراز احمد کو قرار دینا درست نہیں،ایک ٹیم ہی جیتتی یا ہارتی ہے،صرف کوچ یا کپتان پر ذمہ داری ڈال دینا غلط ہے، ہمیں یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ اسکواڈ اور پلیئنگ الیون کے انتخاب میں غلطیاں ہوئیں جن کی وجہ سے سیمی فائنل تک رسائی نہ ملی۔انہوں نے کہا کہ گرین شرٹس میگا ایونٹ کا اچھا آغاز نہیں کرسکے، ابتدائی 5میچز میں سے ایک میں ناکامی اور ایک مقابلہ بارش کی نذر ہونے کے بعد سفر مشکل ہوگیا۔آل راؤنڈر نے کہا کہ قومی ٹیم میں سینئرز اور جونیئرز کا توازن ہونا ضروری ہے۔ 30سال سے زائد عمر کے کرکٹرز کو باہر بٹھانا درست نہیں، کھلاڑیوں کا انتخاب کارکردگی کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔