مخالف ٹیموں کے بولرز اب بھی مجھ سے خوفزدہ ہیں، کرس گیل

228

کنگسٹن (جسارت نیوز) جارح مزاج ویسٹ انڈین اوپننگ بیٹسمین کرس گیل نے کہا ہے کہ مخالف ٹیموں کے بولرز اب بھی مجھ سے خوفزدہ ہیں لیکن یہ بات بھی درست ہے کہ بڑھتی ہوئی عمر کی وجہ سے میرے لئے اب نوجوان بولرز کو کھیلنا آسان نہیں رہا۔ ریٹائرمنٹ سے قبل کیریئر کے آخری وقت کو یادگار بنانے کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔ کرس گیل کو پانچ مرتبہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے کا اعزاز حاصل ہے ۔ گیل نے اپنے بیان میں کہا کہ جارحانہ بیٹنگ انداز کی وجہ سے مخالف ٹیموں کے بولرز اب بھی مجھ سے خوفزدہ ہیں، اگر آپ کیمرے کے سامنے ان سے سوال کریں گے تو یقیناً ان کا جواب نہ میں ہو گا لیکن اگر آپ کیمرے کے بغیر ان سے پوچھیں گے تو وہ کہیں گے ہاں، یہ خطرناک بیٹسمین ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ فاسٹ بولرز کے خلاف انجوائے کرتا ہوں، میرے پاس اب ثابت کرنے کیلئے کچھ نہیں، تاہم کرس گیل ورلڈ کپ میں اپنے مداحوں کو اپنی بیٹنگ سے زیادہ لطف اندوز نہ کرسکے۔