مذہبی مقامات پر یہودی آبادکاروں کا اشتعال انگیز دھاوا

196

 

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) یہودی آبادکاروں کی جانب سے مسلمانوں کے مقدس مقامات پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق جمعہ کے روز یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر سلفیت میں مقدس مذہبی مقامات پراشتعال انگیز دھاوے بولے اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مذہبی مقامات کی بے حرمتی کی۔مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ یہودی اشرار نے مقدس مقامات میں گھس کر تالمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔ یہودی آباد کاروں کی آمد کا سلسلہ صبح نماز فجرکے بعد شروع ہوگیا تھا۔ اس موقع پریہودی آباد کاروں کو اسرائیلی فوج اور پولیس کی طرف سے فول پروف سیکورٹی فراہم کی گئی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہودی آباد کار سلفیت میں ارئیل یہودی کالونی کی طرف گئے، جہاں اسلامی مذہبی مراکز میں گھس کر مقدس مقامات کی بے حرمتی کی۔ادھر یہودی آبادکاروں نے اسرائیلی فوج کی سیکورٹی میں کفر حارس میں 3 مقامات پر مذہبی مراکز پراشتعال انگیزدھاوے بولے اور مقدس مقامات کی بے حرمتی کی، جس سے مقامی مسلمانوں میں اشتعال پھیل گیا۔ دوسری جانب جمعہ کے روز مغربی کنارے میں قابض فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپوں میں 40 مظاہرین زخمی ہوگئے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق مقامی فلسطینی کفرقدوم کی سڑک کھلوانے کے لیے ہفتہ وار احتجاج کررہے تھے کہ اسرائیلی فوج نے ان پر گولیاںا ور آنسوگیس برسا دی، جس سے 40 افراد زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب غزہ کی سرحد پر فلسطینیوں نے ہفتہ وار احتجاجی ریلیاں نکالی۔ اسرائیلی فوج نے مظاہرین پر آنسوگیس اور گولیاں برسائیں، جس کے نتیجے میں صحافی سمیت درجنوں مظاہرین زخمی ہوگئے۔