معاشی بحران کے ذمہ داران موجودہ سابق حکمران ہیں،لیاقت بلوچ

576

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر و سیاسی کمیٹی کے چیئرمین لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی بحران میں دھکیلنے والے سابق و موجودہ حکمران ہیں،جماعت اسلامی ملک کو معاشی بحران میں مبتلا کرنے والوں کو سہارا دینے کے بجائے قوم کو متبادل حل دے گی، آئندہ انتخابات میں اپنے نام و پرچم اور انتخابی نشان ترازو پر حصہ لیں گے۔ وہ قبا آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ،اجلاس سے صوبائی امیر محمد حسین محنتی ، کراچی کے امیر کنوینر کمیٹی حافظ نعیم الرحمن نے بھی خطاب کیا جبکہ رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید نے پارلیمانی صورتحال کا جائزہ پیش کیا۔اجلاس میں صوبائی نائب امرا ودیگر ذمے داران اور سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستان کو معاشی بحران میں دھکیلنے والے سابق و موجودہ حکمران ہیں جماعت اسلامی نے یکسوئی سے فیصلہ کیا ہے ہم ان کو سہارا دینے کے بجائے اپنے نام و پرچم اور انتخابی نشان ترازو کو لے کر آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو آئی ایم ایف کی ٹیم چلارہی ہے جس کا اپنا ایک بین الاقوامی ایجنڈا ہے، حکمرانوں نے ہماری آزادی وخود مختاری کو دائو پر لگادیا ہے، دوسری جانب مہنگائی کاطوفان ہے، جس نے عام آدمی کے منہ سے نوالہ بھی چھین لیا ہے ،مہنگائی سے غریب ومتوسط اور تنخواہ دار طبقہ براہ راست متاثر ہوا ہے ،گھروں کا چولہا جلانا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کو مسائل کی دلدل سے جماعت اسلامی ہی نکال سکتی ہے جس کے پاس دیانتدار اور باصلاحیت قیادت موجود ہے ہمیں رابطہ عوام بڑھانے، لوگوں کے سلگتے ہوئے مسائل پر بھرپور آواز اٹھانے اور ان کے دکھ درد میں شریک ہونے کی ضرورت ہے ۔امرا ئے اضلاع دیے گئے خطوط پہ منصوبہ بندی کرکے دکھی عوام کی آواز بنیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فرقہ ورانہ ہم آہنگی کی ضرورت ہے ،جماعت اسلامی تمام مسالک میں ہم آہنگی کے لیے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔اس مقصد کے لیے ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم کوفعال بنایا جائے۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہاکہ سندھ میں پانی کا بحران ہے کراچی سے کشمور تک عوام کو پینے کا فلٹر پانی مل رہا ہے نہ صحت وصفائی کا کوئی نظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں قبائلی جھگڑوں سے انسانی جانوں کا جو نقصان ہورہاہے وہ توجہ طلب ہے جماعت اسلامی قبائلی عمائدین سے رابطہ کر کے اپنا کردار ادا کرے گی۔
کراچی: جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ قبا آڈیٹوریم میں سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں