قبائلی اضلاع صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر انتخابات آج ہونگے

203

پشاور (اے پی پی/نمائندہ جسارت) خیبر پختونخوا میں نئے ضم شدہ اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی 16نشستوں پر انتخابات (آج) بروز ہفتہ منعقد ہوں گے جس کے لیے الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوکر شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی تاہم پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں موجود ووٹرز کو وقت ختم ہونے کے بعد بھی ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوگی۔ انتخابات میں 285 امیدوار میدان میں ہیں جن میں2 خواتین امیدوار بھی شامل ہیں۔ خواتین امیدواروں میں اے این پی کے ٹکٹ پر پی کے106خیبر سے ناہید اور جماعت اسلامی کے ٹکٹ پر پی کے109 کرم سے ملاثہ شامل ہیں‘ انتخابات میں پی ٹی آئی کی جانب سے16، جے یو آئی (س) کے 2، جے یو آئی (ف) کے 15، پی پی پی پی کے 13، اے این پی کے 14، پی ایس پی کے 2، پی ایم ایل (ن) کے 5، جماعت اسلامی کے 13، کیو ڈبلیو پی کے 3 امیدوار میدان میں ہیں اور 202 امیدوار آزاد حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں۔ انتخابات میں مجموعی طور پر 28لاکھ ایک ہزار837 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 16,71,308اور خواتین ووٹرزکی تعداد 11,30,529 ہے جبکہ مجموعی طور پر 1897پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ جن میں مرد ووٹرز کے لیے 482،خواتین کے لیے 376 اور 1039مشترکہ پولنگ اسٹیشنوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ انتخابات کے لیے 1897 پریزائیڈنگ افسران، 5653 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور 5653 پولنگ افسران تعینات کیے گئے ہیں۔ 554 پولنگ اسٹیشنوں کو زیادہ حساس،61 4 کو حساس اور 882 پولنگ اسٹیشنوں کو معمول کے مطابق قرار دیا گیا ہے۔
جمرود: خیبر پختونخوا اسمبلی کی 16نشستوںپر انتخابات کے لیے عملہ انتخابی سامان لارہا ہے