اتحاد عالم اسلامی وقت کی ضرورت ہے، حافظ محمد ادریس

281

لاہور(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی کے رہنما اور سابق ڈائریکٹر ادارہ معارف اسلامی حافظ محمد ادریس نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحاد عالم اسلامی وقت کی ضرورت ہے ،ملک پر منڈلاتے خطرات کا مقابلہ قومی یکجہتی اور اتحاد سے ہی کیا جاسکتا ہے ۔ عالم اسلام مل بیٹھ کر باہمی بات چیت سے اپنے مسائل حل کرسکتے ہیں ،جب تک عالم اسلام کے فیصلے امریکا اور عالمی استعماری قوتیں کرتی رہیں گی ،مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھتے رہیں گے ۔ دنیا بھر میں مسلمانوں کا خو ن پانی کی طرح بہایا جارہا ہے مگر مسلم ممالک کے حکمران اسلام دشمن قوتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں ۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ مسلمانوںکے بہنے والے خون کو روکنا عالم اسلام کے لیے ایک مشترکہ چیلنج ہے ۔اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے امت مسلمہ کو اجتماعی کوشش کرنا ہوگی جس کے لیے امت کا اتحاد ناگزیر ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہماری حکومتوں کا اصل مسئلہ اپنااستحکام ہے ،عام آدمی کی خوشحالی اور ترقی نہیں ۔پاکستان کو اس کے نظریے سے محروم کرنے کی سازش نے ایک بار پہلے ملک کو دولخت کیا اور اب دوبارہ وہی سازشیں جاری ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب کے لیے معاشرے کو ساتھ لے کر چلنا بہت ضروری ہے جب تک معاشرہ اجتماعی طور پر موجودہ خطرات سے نکلنے کے لیے کوشش نہیں کرتا ،کسی بڑی تبدیلی کا خواب نہیں دیکھا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب کے لیے نوجوانوں اور خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے نظریاتی تشخص کی حفاظت اور آئین و قانون کی بالا دستی کا قیام ازحد ضروری ہے ۔