گھوٹکی: این اے 205 میں ضمنی انتخاب کے انتظامات مکمل

133

سکھر (اے پی پی) ضلع گھوٹکی کے انتخابی حلقہ این اے 205میں 4 روز بعد 23 جولائی کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے پر امن انعقاد کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے،290 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 125 کو انتہائی حساس جبکہ 165کو حساس قرار دیا گیا ہے، پاک فوج کے ایک ہزار 14 جوانوں اور سندھ پولیس کے 2240اہلکاروں سمیت رینجرز کے جوان بھی حفاظتی انتظام سنبھالیں گے، ایک اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر کو ضمنی انتخابات کے حوالے سے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر پرویز احمد نے آگاہ کیا کہ مذکورہ حلقہ این اے 205میں 3 لاکھ 60ہزار 875 ووٹرز ہیں، جن کے لیے گھوٹکی، خانگڑہ اور میرپور ماتھیلو تحصیل کے کچھ علاقوں میں مجموعی طور پر 290 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ 22 جولائی کو گورنمنٹ ڈگری کالج گھوٹکی سے پولنگ کا سامان تقسیم کیا جائے گا جبکہ انتخابات کی نگرانی کرنے کے لیے سرکٹ ہائوس گھوٹکی میں کنٹرول روم بھی قائم ہوگا، انہوں نے مزید بتایا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز کے لیے 867 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران، 867 پولنگ افسرن اور 290نائب قاصد مقرر کر دیے گئے ہیں۔