بیگم صفدر کی ن لیگ میں قیادت اقربا پروری کی اعلیٰ مثال ہے‘فیاض چوہان

277

لاہور (آن لائن) صوبائی وزیر برائے کالونیز فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بیگم صفدر اعوان کی ن لیگ میں شمولیت اور کم عرصے میں اعلیٰ قیادت میں آنا اقربا پروری کی اعلیٰ ترین مثال ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں اعلیٰ افسران سے بریفنگ کے دوران کیا۔ان کا کہنا تھا کہ آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن نے اپنے دورمیں “اندھا بانٹے ریوڑیاں مڑ مڑ اپنوں کو دے” کے مصداق صرف اپنے من پسند افراد کو نوازا۔ انہوں نے مریم نواز کی جانب سے غیر ملکی ادارے کو دیے گئے انٹرویو کے ردعمل میں کہا کہ بیگم صفدر اعوان کو جیل کی ہوا ان کی بدعنوانیوں کی وجہ سے کھانی پڑی۔ بیگم صفدر نے وی آئی پی انداز میں جیل کاٹی، اگر انہیں جیل میں کوئی شکایت تھی تو تبھی حکام کو اطلاع کرتیں، ان کی بے وقت کی راگنی سے حکومت دبائومیں نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کالونیز برانچ میں گزشتہ 10سال میں سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی تفصیلات آئندہ 2 ہفتوں میں مہیا کی جائیں۔ کالونی برانچ اور اس کے ملحقہ اداروں میں افسران کے زیرِ استعمال گاڑیوں کی تفصیلات بھی مانگ لیں، سرکاری اراضی کی من پسند افراد کو سستے داموں لیز سے محکمے کو کروڑوں کا نقصان ہوا جبکہ لیز ہولڈرز نے پٹرول پمپس، ہوٹل، شادی ہال اور دیگر کاروبار شروع کر کے اپنی جیبیں بھریں۔