مریم نواز کے انٹرویوز سنسر نہیں کیے جائیں گے‘ فواد چودھری

390

اسلام آباد ( آن لائن )وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کے انٹرویوز سنسر کرنے کی ضرورت نہیں ہے، سنسر شپ ایک مرتا ہوا تصور ہے، خیالات کی لڑائیاں سینسر شپ سے قابو میں نہیں آتیں۔سیاست کا مقابلہ سیاست سے ہی ہوسکتا ہے۔فواد چودھری نے کہا کہ سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ چند سوشل میڈیا گروپس پیسے لے کر کسی کے بھی خلاف ٹرینڈ بنادیتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے آفیشل پیجز سے ایسا نہیں ہوتا، کچھ لوگ سوشل میڈیا پرخود ایسی پوسٹس کردیتے ہیں اسی لیے ریگولیشن ضروری ہے۔ جمہوری ادارے مداخلت اور سویلین اداروں کی عدم توجہی سے کمزور ہیں۔ پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے ہمیں فوج کی ضرورت ہے، اگر فوج یہ فیصلہ کرے کہ جمہوریت تگڑی نہیں ہونی تو جمہوریت تگڑی نہیں ہونی۔پاکستان کی خارجہ پالیسی پر دیگر ممالک کی طرح فوج کی رائے لی جاتی ہے، خارجہ پالیسی پر فوج کی رائے بہت اہمیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج اور حکومت کے درمیان اس وقت مثالی تعاون قائم ہے۔