بدعنوان سورما کٹہرے میں آگئے‘لوٹ مار کا دور ختم ہوگیا‘عثمان بزدار

206

لاہور(نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تمام بڑے بڑے بدعنوان قانون کے کٹہرے میں کھڑے ہورہے ہیں، لوٹ مارکا دورنئے پاکستان میں نہیں چل سکتا، سابق حکومتوں کے ادوار میں ریکارڈ کرپشن ہوئی،بدعنوانوں نے ملک و قوم کو بے دردی سے لوٹا۔ماضی کے حکمرانوں کے ذاتی بینک بیلنس دن دگنی رات چوگنی ترقی کرتے رہے اور دوسری طرف عوام مسائل کی چکی میں پستے رہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کرپشن کی دلدل میں دھنسا ہوا تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پوری قوم اپنے ادوار میںکرپشن کی انتہا کرنے والوں کا حساب چاہتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میںجس نے بھی کرپشن کیااسے انجام بھگتنا ہوگا۔ قومی دولت لوٹنے و الوں کو پائی پائی کا حساب دینا ہوگا۔ گزشتہ 10برس میں میگا پروجیکٹس کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم رہا۔سرکاری خزانے کو لوٹا گیا اورہر ادارے میں کرپشن کی گئی۔انہوںنے کہا کہ کرپشن اورقرضوں نے معیشت کو تباہ و برباد کیا اورپاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا یا ۔ انہوںنے کہا کہ عوام کی بنیادی ضرورتوں کو نظر انداز کیا گیااورذاتی نمائش کے منصوبے شروع کیے گئے جس کے باعث عوام کے مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھتے گئے۔انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف سرکاری خزانے کی امین ہے،کسی کو خیانت نہیں کرنے دیںگے۔