بیگم صفدر جماعت کی تاریخ سمجھوتوں سے عبارت ہے‘ فردوس عاشق

187

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بیگم صفدر جماعت کی تاریخ سمجھوتوں سے عبارت ہے‘ شریف خاندان حکومت میں ہو تو لوگوں کے گلے پڑتا ہے‘ اقتدار سے باہر ہو تو پائوں پڑ جاتا ہے۔ جمعے کو اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تاریخی سمجھوتوں کا شکار خاندان کس منہ سے اصولوں کی بات کرتا ہے‘ مسلم لیگ ن کبھی بھی عوام کی نہیں بلکہ خواص کی جماعت رہی ہے‘ مزاحمت اور اصول پسندی آپ کے خمیر میں ہی نہیں‘ آپ حکومت میں ہوں تو لوگوں کے گلے پکڑتے ہیں اور اقتدار سے باہر ہوں تو پائوں پڑ جاتے ہیں‘ مسلم لیگ (ن) سیاسی منافقت کا شکار ہے‘ بوکھلاہٹ اور افراتفری کے عالم میں ہیں انہیں کچھ سمجھ نہیں آ رہا کیا کہیں؟ اور کیا نہ کہیں‘ ایک طرف کہتے ہیں کہ وزیراعظم کی حیثیت کیا ہے؟ دوسری طرف واویلا مچارہے ہیں کہ سب کچھ عمران خان کروا رہے ہیں‘ تضادات سے بھر پور دعووں والی جماعت کا بیانیہ پنکچر ہو چکا ہے‘ بیگم صفدر صاحبہ!آپ اور آپ کی جماعت کی تاریخ سمجھوتوں سے عبارت ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ظل سبحانی راجکماری اور کرپشن کے ولی عہد سمیت درباریوں کا جہاز بھر کر دوروں پر جاتے تھے لیکن وزیر اعظم عمران خان مختصر وفد کے ساتھ امریکا جارہے ہیں ‘ یہ قیادتوں اور سوچ کا فرق ہوتا ہے۔