تین روزہ، ٹاپ تھائی برینڈز نمائش آج سے شروع ہو گی

222

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اور تھائی لینڈکے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کے لیے تین روزہ، ٹاپ تھائی برینڈز نمائش آج 20جولائی سے پرل کانٹی نینٹل ہوٹل میں شروع ہو گی۔نمائش کا افتتاح صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جنید ماکڈا، ڈائریکٹر تھائی ٹریڈ سینٹر ڈھاکہ، وزارت تجارت، تھائی لینڈمسٹر سوئیب سک ( Dangboonrueng Suebsak)، قونصل جنرل تھائی لینڈمسٹر تھاٹری چواچٹا ( Chauvachata Thatree )اعزازی ٹریڈ ایڈوائزر تھائی لینڈ عارف سلیمان اور ڈائریکٹر ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل راشدالحق ہفتے کی صبح فیتا کاٹ کر کریں گے۔ یہ نمائش رائل تھائی گورنمنٹ کی وزارت کامرس کے ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ٹریڈ پروموشن اور ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل کے تحت منعقد کی جارہی ہے۔ ایونٹ میں کاسمیٹکس و ہربل پروڈکٹس، فوڈ آئٹمز، پلاسٹک ہاؤس ویئر،بلب، گیس اسٹوو، تالے، آٹو پارٹس، کیمیکل ایڈہیسو، واٹر پمپ اینڈ جنریٹر، زرعی مشینری، انڈسٹریل پینٹس، جوتے، فشری ایکوپمنٹ، کورگیٹڈ پلاسٹک شیٹ فار پیکجنگ، ایڈورٹائزنگ وغیرہ سے متعلق اشیاء نمائش کے لیے موجود ہوں گی۔