کاروباری سرگرمی فائلر بنے بغیر ممکن نہیں،چیف کمشنر آفیسر آر ٹی او ٹو

223

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیف کمشنر آفیسر آر ٹی او ٹو کراچی نے کہا ہے کہ اب کوئی بھی کاروباری سرگرمی فائلر بنے بغیر ممکن نہیں، ابھی صرف 21 لاکھ فائلر موجود ہیں،ہمارا ہدف 50 لاکھ لوگوں کو فائلر بنانا ہے،ہم مارکیٹوں کا پتہ کرلیا ہے کہ کتنے لوگ کام کررہے ہیں اور کون رجسٹرڈ ہے اور کون نہیں۔انہوں نے جمعہ کوپریس بریفنگ میں بتایا کہ اس وقت رجسٹرڈ افراد بھی ٹیکس ادا نہیں کررہے،ہم ان سب کو ٹریننگ شدہ افراد کے ذریعے ٹیکس نیٹ میں شامل کریں گے۔چیف کمیشنر آفیسر آر ٹی او کا کہناتھا کہ این جی او ہمارے ساتھ بغیر کسی معاوضے کے کام کررہی ہیں،اب نظام بہت تبدیل ہورہا ہے،اب کیش کی خریداری اتنی آسان نہیں ہوسکے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایف بی آر اور ٹیکس ادا کرنے والوں میں اعتماد کا فقدان ہے،جس کو بحال کرنے میں وقت لگے گا،این جی او سے وابستہ افراد رضا کارانہ طور پر مارکیٹ میں افراد کو ٹرینڈ کریں گے،اس سے ٹیکس دینے والوں اور ایف بی آر میں اعتماد بحال ہوگا،لوگوں کو اب سمجھ آگیا ہے کہ اب ٹیکس نیٹ میں شامل ہونا ہے۔چیف کمیشنر آفیسر آر ٹی او نے کہا کہ ہمارے پاس اتنا عملہ نہیں ہے کہ وہ سب کو کور کرسکے،محدود وسائل کے اندر رہتے ہوئے این جی او کے ساتھ کام ایک بہترین موقع ہے، انکم ٹیکس کے قانون میں تبدیلی کی گئی ہے ،پی ایم ڈی سی نے ہمیں 68 ہزار ڈاکٹرز کی فہرست دی،جس میں سے 5 ہزار کے قریب اس وقت ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہیں،ہم تمام تر شعبہ جات سے وابستہ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لارہے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایس ایس جی سی کو ہم نے پہلے بھی خط لکھا لیکن ان کی طرف سے مثبت جواب نہیں آیا،چیف سیکرٹری کو ہم خط لکھ رہے ہیں وہ دیگر شعبوں کو اپڈیٹ کررہے ہیں۔