سیاست کو بند گلی میں لے جانا حکومت کی ناکامی ہے،میاں اجمل

317

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115کے امیرمیاںاجمل حسین بدر ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ اوردیگرنے کہا ہے کہ سیاست کو بند گلی میں لے جانا حکومت کی ناکامی ہے۔معیشت کو ٹھیک کرنے اور مہنگائی کم کرنے کے بجائے حکومت ہروقت جنگ پر آمادہ رہتی ہے۔ابھی تو عوام نے کوئی بڑا احتجاج بھی نہیں کیا اور حکومت کے اوسان خطا ہوگئے ہیں۔ حکومت نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو عوام زیادہ دیر برداشت نہیں کریں گے۔حکومت معاشی،تعلیمی اور صحت کی پالیسیاں تک درآمد کررہی ہے جبکہ برآمدات پر بھاری ٹیکس لگا کر ان کا راستہ روک رہی ہے۔مزدور سے تاجر اور کسان سے زمیندارتک زندگی کا ہر طبقہ مفلوج اور پریشان ہے جبکہ مڈل کلاس طبقہ تو ختم ہوکر رہ گیا ہے۔وزیر اعظم کے دورہ امریکا کا کوئی ایجنڈا سامنے آیا ہے نہ اس بارے میں پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک پر ظلم کا نظام مسلط ہے، گونگے بہرے حکمرانوںکو عوام کی چیخیں تو سنائی نہیں دیتیں مگر آئی ایم ایف کے احکامات پر بڑی سرعت اور فرمانبرداری سے عمل کیا جارہا ہے۔ حکومت جس دروازے پر سجدہ ریز ہے وہ خود کہہ رہے ہیں کہ ان کے پاس پاکستان کے معاشی مسائل کا کوئی حل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک حکومت آئی ایم ایف سے خفیہ معاہدے سامنے نہیںلائی۔عوام پر بھاری ٹیکسوں اور مہنگائی کا کوہ ہمالیہ لاد کر حکمران سمجھتے ہیں کہ وہ بڑے کامیاب ہیں جبکہ عوام کے صبرکا پیمانہ صبر لبریز ہوچکا ہے ۔ اگر عوام سڑکوں پر آگئے تو حکمرانوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی۔