عمرکوٹ،حیسکو کے ستائے شہری سڑکوں پر نکل آئے

258

عمرکوٹ (نمائندہ جسارت) عمرکوٹ سٹی میں اس شدید ترین گرمی میں حیسکو کی جانب سے دس سے بارہ گھنٹوں کی مسلسل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ کے ستائے نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر آگئے، شہری، سماجی، مذہبی، سول سوسائٹی کے رہنماؤں نے پریس کلب کے سامنے سماجی رہنما شوکت ادیپوری کی قیادت میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے معروف سماجی رہنما میونسپل کونسل کے ممبر شوکت ادیپوری، سماجی رہنما عبدالغفار ناگوری، صوفی اعظم، نومان، نعیم ادیپوری وغیرہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیسکو نے تعمیراتی کام کے نام پر لوڈشیڈنگ کا شدید عذاب مسلط کر رکھا ہے۔ شہریوں، سماجی، مذہبی رہنماؤں نے حیسکو عمرکوٹ انتظامیہ پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حیسکو عمرکوٹ نے بجلی کی چوری چھپانے کے لیے نیا توڑ ڈھونڈ لیا ہے اور لائن لاسز پورے کرنے کے لیے عمرکوٹ سٹی میں سات روز تک عمرکوٹ شہر میں دن بھر بجلی بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حیسکو کی جانب سے ایک شیڈول نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے تحت 18 جولائی سے 24 جولائی تک صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک عمرکوٹ شہر کے تینوں فیڈرز بند رہیں گے، بجلی کی بندش کے نوٹیفکیشن میں مرمتی کام کو جواز بنایا گیا ہے، جبکہ بجلی کی بندش کے پہلے روز شہر میں کہیں بھی بجلی کا مرمتی کام ہوتا نظر نہیں آیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حیسکو حکام نے اپنی چوری چھپانے کے لیے شہریوں کو عذاب کی طرف دھکیل دیا ہے۔ میڈیا کے رابطہ کرنے پر ایکسیئن حیسکو عمرکوٹ کا کہنا تھا کہ حیسکو شعبہ تعمیرات نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جلد کام کا آغاز ہوگا۔ ہوسکتا ہے موصوف بجا فرما رہے ہوں مگر شہری یہ سوال پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ مرمتی کام کے آغاز سے ایک روز قبل بجلی کی بندش کیوں کی گئی۔ دوسرا یہ کہ بجلی کا کام کسی ایک مقام یا فیڈر پر ہوسکتا ہے۔ سات روز تک شہر کے تینوں فیڈرز کس طرح بند رہیں گے۔ عمرکوٹ کے شہری، سماجی، عوامی حلقوں نے وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی اور بالا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کو اس شدید ترین گرمی میں حیسکو انتظامیہ عمرکوٹ کی اس ظالمانہ لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی جائے۔