مہنگائی کے ذمے داران نے حکمراں پارٹی میں پناہ لے رکھی ہے ،علی احمد گورایہ

187

فیصل آباد (جسارت نیوز) کسان بورڈ کے ضلعی صدر علی احمد گورایہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے جب تک زراعت اور صنعت ترقی نہیں کرے گی ملکی ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں سمیت ملک کی 20 کروڑ آبادی کو بھوک، غربت اور جہالت کا سامنا ہے۔ ایک کروڑ سے زیادہ لوگ ڈپریشن کی وجہ سے شوگر کی بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ دنیا کے گنا پیدا کرنے والے آٹھویں بڑے ملک کے لوگ 75 روپے کلو چینی خریدنے پر مجبور ہیں اور چاول پیدا کرنے والے پانچویں بڑے ملک کے عوام کو 130 روپے کلو چاول ملتے ہیں۔ آٹے کی قیمت میں ہونے والے اضافے نے لوگوں کو صبح و شام ایک روٹی پر گزارہ کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر روز عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہے، جو لوگ اس گمبھیر صورتحال کے ذمے دار ہیں انہوں نے موجودہ و سابق حکمران پارٹیوں میں پناہ لے رکھی ہے۔ استحصالی نظام مسلط کرنے والے ظالم جاگیر دار اور کرپٹ سرمایہ دار حکومتی جماعت میں شامل ہوجاتے ہیں۔ موجودہ حکومت بھی سابق حکمران پارٹیوں اور مشرف کے لوگوں کا مجموعہ ہے۔ حکومت ایسے لوگوں کا مسافر خانہ ہے جن کے کردار، نظریات اور کلچر میں کوئی فرق نہیں اور وہ سب ایک ہی طبقہ اشرافیہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان لوگوں کے پاس عوام کے مسائل کا کوئی حل نہیں۔ علی احمد گورایہ نے کہا کہ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی نہ ہو۔ اللہ کا نظام ان تمام مسائل کا حل ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے۔ پاکستان 65 فیصد نوجوانوں کا ملک ہے، زرخیز زمین اور میٹھا پانی اللہ کی خاص نعمت ہے لیکن اس نعمت سے فائدہ نہیں اٹھایا جارہا، 62 فیصد زمین ابھی تک ناقابل کاشت ہے۔