بڑھتی ہوئی آبادی پاکستان کا ہی نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے، اصغر علی

241

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) محکمہ پاپولیشن ضلع سانگھڑ کی جانب سے یوم عالمی آبادی کے سلسلے میں ضلع بھر کی تمام تحصیلوں میں آگاہی پروگرامز منعقد کیے جارہے ہیں جو کہ 31 جولائی تک جاری رہیں گے۔ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر سید دوست علی شاہ کی ہدایت پر محکمہ پاپولیشن ضلع سانگھڑ کے زیر اہتمام سانگھڑ، سنجھورو، ٹنڈو آدم سمیت تمام تحصیلوں میں بی بی شوز کے پروگرامز منعقد کیے جارہے ہیں، جس میں ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈی او پاپولیشن اصغر علی آرائیں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کا مسئلہ پاکستان کا ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے جس پر محکمہ پاپولیشن اور حکومت موثر اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماں اور بچے دونوں کی صحت کا خاص خیال رکھنا ہے تو پیدائش میں مناسب وقفہ ضروری ہے، ہمیں اپنے بچوں کے حقوق کا خاص خیال رکھنا چاہیے، خصوصاً ان کی تعلیم اور صحت کا کیونکہ یہی بچے ملک کا مستقبل ہیں۔ پروگرام کے اختتام پر صحت مند بچوں میں گفٹ تقسیم کیے گئے۔