ضلع کونسل بدین، سالانہ بجٹ 50 کروڑ 71 لاکھ 35 ہزار245 روپے منظور

214

بدین(نمائندہ جسارت) ضلع کونسل بدین کا سالانہ بجٹ 50 کروڑ 71 لاکھ 35 ہزار 2 سو 45 روپے پیش اور منظور، مرزا ارباب گروپ اور دیگر مخالف اراکین کا سخت احتجاج دھرنا اوربائیکاٹ۔ضلع کونسل بدین کا بجٹ اجلاس ضلع کونسل کے وائس چیئرمین حاجی اللہ نو چانڈیو کی صدارات میں ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر ہی مختلف امیدوار عزیزاللہ ڈیرو پیپلزپارٹی کے رکن میر نوراحمد ٹالپور شکور نھڑیو اور دیگر نے کہا کہ بجٹ سے قبل پانی کی قلت اور چوری پر بات کی جائے جس پر اجازت نہ ملنے پر پیپلزپارٹی کے ہی رکن میر نوراحمد ٹالپور نے کہا ہمارا پانی چوری ہو رہا ہے پانی کی قلت کے باعث زرعی معیشت تباہ ہو گئی ہے اب پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں ہمارے بچے بھوکے پیاسے مر رہے ہیں ہمارا ضمیر اجازت نہیں دیتا کہ اس ہاؤس کا حصہ رہیں جس ہاؤس کی بات ہی نہ سنی جائے ۔میں آج ضلع کونسل کی رکنیت سے استعفا دیتا ہوں استعفا پیش کرنے کے بعد وہ احتجاج کرتے ہوئے نشت سے اٹھ کر نیچے بیٹھ گے۔ اس موقع پر دیگر مخالف امیدوار بھی ان کی حمایت میں دھرنا دے کر بیٹھ گئے جس کے بعد وائس چیئر مین کی درخواست اور اپیل پر اراکین نے دھرنا ختم کردیا۔ ضلع کونسل کے وائس چیئرمین نے سالانہ بجٹ 2019-20 ء پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 50 کروڑ 75 لاکھ 35 لاکھ دو سو روپے میں سے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 31 کروڑ 37 لاکھ 32 ہزار 235 روپے مختص جس میں سے تنخواہوں اور پنشن کے لیے 12 کروڑ 70 لاکھ 37ہزار 368 روپے دیگر مراعات اور ادائیگیوں کے لیے 3 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے۔بجٹ میں ایک کروڑ 30642 روپے کلوزنگ بیلنس دکھایا گیا ہے۔جبکہ مستحق طلبا اور طالبات کی اسکالرشپ کے لیے 15لاکھ روپے مختص کیے گئے۔ضلع کونسل کی تمام اراکین کی تحریری قرارداد پر بدین پریس کلب اور ایوان صحافت کے لیے دس دس لاکھ روپے سالانہ کرنٹ کی متفقہ منظوری دے کر بجٹ میں شامل کیا گیا۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کے اراکین حاجی سائیں بخش جمالی، عبدالغفور نظامانی ،فدا مندرو اورساجدہ ٹالپور و دیگر نے بجٹ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام اراکین کو اعتماد میں لے کر تمام کام کیے جائیں۔مخالف امیدواروں نے بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے اجلاس کا بائیکاٹ کردیااور چلے گئے۔