فری اور فیئر انتخابات یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہیں، یوسف خان خٹک

189

سکھر (نمائندہ جسارت) صوبائی الیکشن کمشنر سندھ محمد یوسف خان خٹک نے کہا ہے کہ ضلع گھوٹکی کے حلقہ این اے 205 میں 23 جولائی کو منعقد ہونیوالے ضمنی انتخابات پر ملک بھر کی نظر ہے، انتخابات کے پُرامن و شفاف انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے بھرپور انتظامات و اقداما ت اٹھائے جا رہے ہیں۔ 290 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 125 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا ہے۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن کے اندر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے یہاں سرکٹ ہاؤس سکھر میں میڈیا پریس کانفرنس میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 205 گھوٹکی کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے موثر انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہم فری اور فیئر انتخابات یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ انتخابات کے متعلق گھوٹکی میں اہم میٹنگ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، فارم 45 کی تعداد زیادہ رکھی ہے۔ اس ضمن میں پہلے سے ہی ہدایات جاری کی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کئی افراد کو نوٹس جاری کیے ہیں اور جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے مزید بتایا کہ انتخابات کی سیکورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کے ساتھ پاک فوج بھی تعینات رہے گی۔ پاک فوج کے جوان پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے موجود رہیں گے۔ پولنگ ایجنٹ کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی ہوگی۔