حیدر آباد، ڈرائیوروں کا پولیس زیادتیوں کیخلاف احتجاج

156

 

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے مزدا ،ڈاٹسن، شہزور، لوڈر گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے پولیس کی زیادتیوں کیخلاف حیدر آباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں کثیر تعداد میں ڈرائیوروں نے شرکت کی اور پریس کلب سامنے روڈ پر گاڑیاں کھڑی کرکے روڈ بلاک کردیا۔ مظاہرین نے پولیس کیخلاف سخت نعرے بازی کی۔ اس موقع پر احتجاج میں شریک ڈرائیوروں غلام پنہور، عاشق تھہیم، رسول بخش چانڈیو و دیگر نے بتایا کہ عدالت کے فیصلے کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں سے سی این جی گیس سیلنڈر ہٹانے کا حکم دیا ہے جبکہ مال گاڑیوں پر عدالت کا یہ حکم لاگو نہیں ہوتا، ہم اپنی لوڈر گاڑیوں میں مسافر نہیں بٹھاتے بلکہ سامان لے کر جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عدالتی حکم کا ناجائز فائدہ اٹھا کر بلا جواز بلیک میل کرکے تنگ کررہی ہے، زبردستی گاڑیوں سے سیلنڈر اتار رہی ہے اور وہیں پر اپنے لوگوں کو فروخت کردیتے ہیں، جس کی وجہ سے ہمیں شدید مالی نقصان ہورہا ہے، ہم نے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو شکایات کی ہیں لیکن ابھی تک کوئی تدارک نہیں کیا۔ انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فی الفور نوٹس لیتے ہوئے پولیس کیخلاف کارروائی اور ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔