ریلوے اراضی پر 10 سے زائد غیرقانونی مکانات اور دکانیں مسمار

141

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) محکمہ ریلوے کی جانب سے ریلوے کی اراضی پر غیرقانونی تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن کے دوران جی او آر کالونی پر مکانات اور دکانیں مسمار کیے جانے کیخلاف سیکڑوں افراد نے ریل کی پٹڑی پر دھرنا دیا اور پولیس اور ریلوے حکام پر پتھرائو کیا۔ محکمہ ریلوے نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جی او آر کالونی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں ریلوے کی اراضی پر قائم 10 سے زائد غیرقانونی مکانات اور دکانیں مسمار کردیں جس پر علاقے کے لوگوں نے ریل کی پٹڑیوں پر دھرنا دیا اور کراچی جانے والی ٹرین کو روک دیا۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھرائو بھی کیا، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او کوٹری عمران آفریدی سمیت 3 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوگئے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا، تاہم انتظامیہ کے سمجھانے پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ وہ 40 سال سے وہاں آباد ہیں، ان کے گھروں اور دکانوں میں بجلی اور پانی کے کنکشن موجود ہیں، لیکن اب ریلوے حکام انہیں زبردستی بے دخل کررہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں متبادل جگہ دی جائے جبکہ ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ ریلوے کی پٹڑیوں کے ساتھ ساتھ غیرقانونی مکانات، دکانیں اور باڑے قائم کردیے گئے ہیں جس کی وجہ سے ریلوے ٹریک پر حاد ثات ہوتے رہتے ہیں۔