حکومت سندھ کی عدم توجہ کی وجہ سے محکمہ واساتباہ حال ہے، اعجاز حسین

123

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین کی جانب سے واسا ملازمین کی پانچ ماہ کی تنخواہیں، پنشن اور ورک چارج ملازمین کی سات ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے چوتھے روز بھی پریس کلب کے سامنے احتجاج اور علامتی بھوک ہڑتال جاری رکھی، جس میں یونین رہنمائوں اور ملازمین کی بڑ ی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین کے آرگنائزر اعجاز حسین، جنرل سیکرٹری عبدالقیوم بھٹی، نیاز حسین چانڈیو، راجا خان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے سیاسی، سماجی، مذہبی اور حیدر آباد کے معزز شہریوں سے اپیل کی کہ واسا ملازمین کے حقوق، تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے لیے آواز بلند کریں تاکہ واسا ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوسکیں۔ اس موقع پر مزدور رہنما رانا محمود علی خان نے واسا ملازمین سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھوک ہڑتالی کیمپ پہنچ کر ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایچ ڈی اے واسا حساس ادارہ ہونے کے باوجود حکومت سندھ کی عدم توجہ کی وجہ سے تباہ حال ہے اور ملازمین عرصہ دراز سے اپنی تنخواہوں اور پنشن کے لیے سڑکوں پر احتجاج اور جلسے کرنے پر مجبور ہیں لیکن افسوس کہ حکومت سندھ کے ارکان مزدوروں کے ووٹوں سے اسمبلیوں میں پہنچنے کے بعد ان مزدوروں کے لیے کہیں بھی آواز نہیں اٹھاتے اور وزیر بلدیات کا قلمدان تو خوش اسلوبی سے حاصل کرتے ہیں مگر افسوس کے وزیر بلدیات کا حلف لینے کے بعد نہ تو وہ بلدیاتی اداروںکی دیکھ بھال کرتے ہیں اور نہ ہی وہاں پر کام کرنے والے ملازمین کے لیے بہتر اقدامات کرتے ہیں، جس کی وجہ سے آج بھی ادارے اور ملازمین دربدر ہیں۔