کونسلر پر تشدد کرنے والے ملزم کو جلد گرفتار کیا جائے، کامران شیخ

270

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) میونسپل کمیٹی میرپورخاص کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کی کونسلر پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت، تشدد کرنے والوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ، پولیس نے کونسلر پر حملہ کرنے والوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ میونسپل کمیٹی میرپورخاص کے چیئرمین کامران شیخ اور وائس چیئرمین فرید احمد خان نے اپنے آفس میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کونسلر سلیم قائم خانی کو تشدد کرکے شدید زخمی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور ان کیخلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے معزز کونسلر کے ساتھ ہیں اور ایوان کا ہر کونسلر ہمارے لیے معزز ہے باہر سے آکر کوئی ہمارے کونسلر کے ساتھ بدتمیزی کرے یا تشددکا نشانہ بنائے یہ بات ہمیں منظور نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بکرا پیڑی کا ٹھیکہ جون کے مہینے میں ہونا تھا مگر چیئرمین شپ کے الیکشن کی وجہ سے یہ تاخیر کا شکار ہوا، اس لیے آج یہ نیلامی ہونی تھی مگر ایک افسر کی نااہلی کی وجہ سے یہ نیلامی آج بھی نہ ہوسکی اور کونسلر کو تشدد کا نشانہ بنا کر مزید تاخیر کا شکار کر دیا گیا۔ دوسری جانب تشدد کا شکار ہونے والے کونسلر سلیم قائم خانی کی فریاد پر ٹائون پولیس اسٹیشن میں انچارج ٹیکس برانچ بلدیہ میرپور خاص امانت علی لاکھو، ٹرانسپورٹر سلامت علی لاکھو، زلفی لاکھو، معشوق علی چانڈیو، گڈو، علی گوہر شاہ، مردان شاہ سمیت پانچ دیگر نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، تاہم پولیس کسی بھی ملزم کو تاحال گرفتار نہیں کرسکی ہے۔ دوسری جانب سلیم قائم خانی اور ان کے بھائی وسیم قائم خانی کیخلاف بھی گوہر علی شاہ کی فریاد پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔