والدین اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کرائیں، عبداللطیف مغل

56

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) تعلیم کی آگاہی کے حوالے سے محکمہ تعلیم کے ضلعی افسران و اساتذہ اور ضلع بھر کے مختلف سرکاری اسکولوں کے درجنوں طلبہ و طالبات نے ڈی او ایجوکیشن عبداللطیف مغل کی قیادت میں ڈی او آفس سے ایک ریلی نکالی، ریلی نے شہر کے مختلف راستوں پر گشت کیا۔ شرکا کے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز موجود تھے۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈی او ہائر سیکنڈری عزیز چوہان ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم جیسے زیور سے آراستہ کریں تاکہ وہ تعلیم حاصل کرکے ملک کا نام دنیا میں روشن کرسکے۔ انہوں نے والدین سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے بچوں کو بہتر سے بہتر تعلیم دلانے کے لیے سرکاری اسکولوں میں داخل کرائیں تاکہ وہ اپنے بچوں کو مفت تعلیم دلاسکیں اور وہ سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے تعلیم کے دوران حکومت کی جانب سے ملنے والی سہولتوں سے بھی آراستہ ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سرکاری اسکولوں میں پڑنے والے طلبہ و طالبات کو مفت کتابیں دی جاتی ہیں اور ان سے تعلیم حاصل کرنے کی کسی قسم کی کوئی چیز بھی وصول نہیں کی جاتی ہے۔