پاک ترک برادرانہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کاعندیہ

241

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )گورنر سندھ عمران اسماعیل سے چیئرمین TASAM – Suleyman Sensoyنے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ترکی کے قونصل جنرل Tolga Ucak اور ریٹائرڈ سفیر اور اٹارنی ایٹ لاDr. Aydin Nurhanبھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاک ترکی اقتصادی تعاون میں اضافہ کی ضرورت ، پاکستان میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کی دستیابی ،کراچی کی معاشی اہمیت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاک ترک دو طرفہ برادرانہ تعلقات مشترکہ مفادات ، خلوص اور باہمی احترام کی بنیاد پر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہوتے جار ہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پالیسی سازی میں تھنک ٹینک کا اہم کردار ہوتا ہے، مختلف ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے تھنک ٹینک بھی اہمیت کے حامل ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین TASAM – Suleyman Sensoyنے کہا کہ پاکستان ہمارا قابل اعتماد دوست ہے، ترکی مستحکم و مضبوط او ر ترقی یافتہ پاکستان دیکھنے کا خواہش مند ہے اس ضمن میں ترکی کا پاکستان سے تعاون جاری رہے گا، جبکہ رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے TASAM اور CPLC کے مابین ایم او یو پر دستخط کیے جاچکے ہیں۔