الخدمت بلاامتیازرنگ ونسل فلاحی سرگرمیوںمیںمصروف ہے، حافظ نعیم

185

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت بلاامتیازرنگ ونسل فلاحی سرگرمیوںمیںمصروف ہے،موجودہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے سبب عوام کا مہنگائی سے برا حال ہوگیا ،ایسے میں قربانی صاحب حیثیت افراد کے لیے بھی مشکل ہوتی نظر آ رہی ہے۔ جماعت کے کارکنان اجتماعی قربانی کے انتظام کو اس سال زیادہ وسیع پیمانے پر کرکے عوام کو فریضہ قربانی میں معاونت فراہم کریں۔ ان خیالات کا اظہارامیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے جامع مسجد الفلاح بلاک K نارتھ ناظم آباد میں جماعت اسلامی ضلع وسطی کے اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یہ بات ہمیشہ پیش نظر رہنا چاہیے کہ ہم جو کام بھی کررہے ہیں اس کا مقصود اللہ رب العزت کی رضا ہے ہم اسی لیے جماعت اسلامی میں آئے ہیں، ہم اپنی زندگی اس طرح سے گزاریں کہ ہماری زندگی اللہ رب العالمین کے دین کی اقامت کے لیے صرف ہو، یعنی دین کو نظام بنانے کے لیے اور اس کو قائم کرنے کے لیے تگ و دو میں صرف ہو جائے، یہ بہت بڑا ٹاسک ہے کوئی چھوٹی چیز نہیں ہے، اتنا بڑا کام جو اللہ نے اپنے پیغمبروں سے لیا ہے، نبیوں سے لیا ہے، اب یہ کام امت کی ذمے داری قرار پایا ہے۔ امیر حلقہ کراچی نے کارکنان کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ الخدمت نادار، ضرورت مند لوگوں اور یتیموں کی کئی شعبہ جات میں مدد کرتی ہے اس کار خیر میں جماعت کے کارکنان اور پاکستان بھر کے عوام چرم قربانی کے ذریعہ مدد کرتے ہیں، اس سال بھی لوگوں سے بڑی تعداد میں الخدمت کے ساتھ تعاون کی امید ہے، جماعت کے کارکنان لوگوں سے رابطہ بڑھائیں اور کار خیر میں اپنا حصہ شامل کریں۔ اجتماع کارکنان سے امیر ضلع وسطی منعم ظفر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان جماعت ہر سال عید الاضحی میں چرم قربانی مہم میں حصہ لے کر اپنی خوشیاں غریبوں کے لیے قربان کرتے ہیں۔ نادار لوگوں کے لیے اپنی خوشیاں قربان کر کے جو اجر و سکون ملتا ہے وہ جماعت کے کارکن ہی جانتے ہیں۔ خدمت لوگوں کی آسانی کا نام ہے جو جماعت کے کارکن کے الیکٹرک اور نادرا جیسے اداروں سے قانونی جنگ لڑ کر، کبھی اجتماعی قربانی کی صورت اور اس سے بڑھ کر لوگوں کو اللہ کی طرف بلا کر کرتے ہیں۔ اجتماع کارکنان سے نائب امیر ضلع وجیہ حسن نے بھی خطاب کیا، جبکہ قیم ضلع وسطی انجم رفعت اللہ نے الخدمت کی گزشتہ سال اور آئندہ کے بڑے پروجیکٹ کی ملٹی میڈیا رپورٹ کارکنان کے سامنے پیش کی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن،منعم ظفر خان و دیگر ضلع وسطی کے اجتماع کارکنان سے خطاب کر رہے ہیں