پولیس نے ایم کیو ایم کے دہشت گرد سمیت 124ملزم دھر لیے

179

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس نے شہر کے مختلف مقامات پر چھاپوں اور دوسری کارروائیوں میں 124 ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار شدگان میں متحدہ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد ،منشیات فروش ،بھتا خوروں اور رہزنوں کے علاوہ دیگر جرائم میںملوث ملزمان شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ،منشیات اور دیگر غیر قانونی اشیا برآمد ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق فرئیر پولیس نے خفیہ اطلاع پرکاروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے ایک دہشت گردکو گرفتار کرلیا، جس کے خلاف قتل اور اقدام قتل کے کئی مقدمات درج ہیں گرفتار ہونے والے بابر چنگاری نے اپنے ابتدائی بیان میں قتل ، اقدام قتل، بھتا خوری کے علاو ہ منشیات فروشی میں بھی ملوث ہونے کااعتراف کیاہے ،ملزم کے قبضے بھاری مقدار میں منشیات برآّمد ہوئی ،بابر چنگاری سے مزید تفتیش جاری ہے۔ گارڈن پولیس نے گٹکا مافیا کے خلاف کارروائی کے دوران گٹکا مافیا کے 4 کارندوںکلیم اللہ،عمران خان،محمد علی اور خدائے نذر کو گرفتار کرلیا جو ایک سوزوکی میں تیار گٹگااورچھالیہ فروخت کی نیت سے لے جارہے تھے۔ پولیس نے سوزوکی کو مذکورہ اشیاء سمیت اپنے قبضے میںلے لیا،زمان ٹاؤن پولیس نے ایک چھاپا مارکاروائی میں 2 ملزمان یوسف اورعبدالرحیم کو گرفتار کرلیاجو شہر میںلوٹ مار اور ڈکیتی کی وارداتوں میںملوث ہونے کے علاوہ انسدا د دہشت گردی کی عدالت سے بھی مفرور تھے ، ادھر کراچی پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک اعلامیے کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران شہر بھر میں52چھاپوں اور دوسری کارروائیوں میں 112 ملزمان کوگرفتار کیا گیا جن میں24ڈکیت 21منشیات فروشوں، 21 رہزنوں اور6مفرور ملزمان کے علاوہ 13 ناجائز اسلحہ رکھنے کے ملزمان شامل ہیں۔گرفتار شدگان سے بھاری تعداد میں اسلحہ، منشیات، چوری کی گئیں موٹر سائیکلیں اور دیگر غیر قانونی اشیاء برآمد ہوئیں۔