مطالبات منظوری کانوٹی فکیشن نرسز الائنس کے حوالے

127

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مشیر اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب احتجاجی نرسوں کے پاس پہنچ گئے اور ان کے مطالبات سے متعلق نوٹی فیکشن نرسز الائنس کے رہنماؤں کے سپرد کیا، سیکرٹری محکمہ صحت بھی ان کے ساتھ تھے۔ اس موقع پر وہاں موجود میڈیا اور نرسز الائنس کے رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے مشیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ حکومت نے وعدے کے مطابق نرسوں کے مطالبات پر مبنی نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے، سندھ حکومت پہلے روز سے ہی نرسوں کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے بعض نام نہاد لوگوں نے حکومت اور نرسز الائنس کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی تھی جس سے ثابت ہوگیا ہے کہ دھرنا پارٹی والے صرف انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں جن لوگوں کی سیاست کا مقصد انتشار پھیلانا ہے وہ یہی کام کریں گے لیکن ہمارے عوام فسادی اور خدمت گاروں سے بخوبی واقف ہیں، اگرتحریک انصاف میں اتنی ہی اخلاقی جرأت ہے تو ملکی معاشی حالات پر ذرا گورنر ہاؤس کے باہر تو احتجاج کریں، پی ٹی آئی کے دوست مہنگائی پر وفاقی حکومت کے خلاف بھی احتجاج کریں۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میں سازشی عناصر کو وارننگ دیتا ہوں کہ اس طرح کی حرکتیں بند کریں ورنہ ان سے قانونی طریقے سے نمٹیں گے۔

مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب نرسز الائنس کے مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن دکھا رہے ہیں