رینجرزنے 36ہزار600لیٹرایرانی ڈیزل پکڑلیا

168

کراچی (اسٹاف رپورٹر) رینجرز ترجمان کی جانب سے جار ی ہونے والے ایک اعلامیہ کے مطابق پاکستان رینجرز (سندھ) کی جانب سے کسٹمز حکام کو اسمگلنگ کی روک تھام میں تعاون فراہم کرنے کے لیے کشمور ڈیرہ موڑ چیک پوسٹ پردوران چیکنگ 36600 لیٹر ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ کو ناکام بنا دیا گیا۔ اسمگل شدہ 36600 لیٹرایرانی ڈیزل قبضے میں لے کر ڈرائیور بمعہ آئل ٹینکرکو کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔علاوہ ازیں پاکستان رینجرز (سندھ) نے اندرون سندھ ضلع شہید بینظیر آباد کے علاقے کھدر ڈسٹری بیوٹر اور شہباز مائنر کے ایریامیں پانی چوری کے لیے لگائے گئے غیر قانونی کنکشنز، موگھے اور نکوں کے خلاف محکمہ آبپاشی اور پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران 9مقامات سے پانی کے غیر قانونی کنکشن،موگھے اور نکوں کو ہٹایا گیا، جبکہ 11 افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر درج بھی کروائی گئی۔علاقے کے کاشت کاروں نے رینجرز، محکمہ آبپاشی اور پولیس کے اقدام کو بے حد سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔