گورنمنٹ ستارہ حیدری اسکول کی عقبی سڑک برساتی نالہ بن گئی،رحمت بھائی

73

کراچی (پ ر ) بزرگ سماجی رہنما رحمت بھائی نے کہا ہے کہ نئی کراچی سیکٹرالیون ڈی میں واقع اسکول ستارہ حیدری گورنمنٹ بوائزاینڈ گرلزسکینڈری اسکول سیکٹر الیون ڈی نئی کراچی کی عقبی دیواراورسڑک 20سال سے مکینوں کیلیے عذاب کاباعث بنی ہوئی ہے۔پوری سڑک پرسیوریج کا گندا پانی اورکچراجمع ہے،اورسڑک برساتی نالے کی شکل اختیارکر چکی ہے ،جس سے مکینوں میں امراض پھیل رہے ہیں ۔حلقے کے ایم این اے اورایم پی اے اور ضلع چیئرمین صورتحال کاجائزہ لینے، کچرے کے خاتمے اورسڑک کی ازسرنو تعمیرکے اعلان کے باوجود مسئلہ حل کر نے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہی ۔رحمت بھائی نے کہا کہ یہ مسئلہ 20سال پراناہے ،ضلع چیئر مین ریحان ہاشمی نمائشی اقدامات میں مصروف ہیں،جبکہ سیاسی بیانات دے کر کام چلایا جاتا ہے ،انہوں نے استفسار کیا کہ نمائندوں کی یہ حالت ہو تو عوام کی خدمت کون کرے گا؟رحمت بھائی نے کہا کہ یہ عوامی نمائندوں کا فرض ہے کہ وہ عوام کی خدمت کریں اوران کے مسائل حل کریں ورنہ اللہ کے یہاں اس کا حساب دینا ہو گا۔ انہوں نے حکومت سندھ سے اوروزیر بلدیات سے مطالبہ کیا کہ وہ اسکول ستارہ حیدری گورنمنٹ بوائز اینڈ گرلزسکینڈری اسکول کی عقبی دیوار اور سڑک کی فوری بحالی کے اقدامات کریں ۔