سیاسی انتقام جاری رہا تو پورا ملک جام کردیں گے، شاہ محمد شاہ

162

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے کہا ہے کہ ایک نالائق شخص کو کھیل کے میدان سے اٹھا کر 22کروڑ عوام کی حکمرانی سونپ دی گئی ہے ،جس کے نتائج آج پوری قوم بھگت رہی ہے ۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو جھوٹے اور من گھڑت کیس میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ہمارے لیے جیل نئی بات نہیں ہے ۔ہم نے اس سے پہلے بھی آمروں کا مقابلہ کیا ہے اور اب اس سول مارشل لا کا بھی مقابلہ کریں گے ۔سلیکٹڈ حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے ۔احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کا سلسلہ جاری رہا تو محرم کے بعد پورا ملک جام کردیں گے ۔ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو پرویز الٰہی، پرویز خٹک، علیمہ باجی اور جہانگیر ترین کو کب گرفتار کیا جائے گا؟ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعرات کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی ،مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر نائب صدرعلی اکبر گجر اور ملک ریاض سمیت دیگربھی موجود تھے ۔شاہ محمد شاہ نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت اپوزیشن کی احتجاجی تحریک سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بلاول زرداری کے ساتھ 25جولائی کو کراچی میں جلسہ عام سے خطاب کرنا تھا جس کی وجہ سے سیاسی انتقام پر تلی حکومت نے عوام کے ووٹوں سے منتخب ایک اور وزیراعظم کو جھوٹے اور من گھڑت کیس میں گرفتار کرلیا ۔اگر حکومت سمجھتی ہے کہ وہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے اپوزیشن کی تحریک کو دبانے میں کامیاب ہوجائے گی تو یہ اس کی بھول ہے۔ کراچی سمیت پورے ملک اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائے گی ۔

مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمود شاہ شاہد خاقان کی گرفتاری کے خلاف پریس کانفرنس کر رہے ہیں