عثمان بزدار نے 6 صوبائی وزرا کے محکمے تبدیل کر دیے

193

لاہور(نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے 6 صوبائی وزرا کے محکمے تبدیل کر دیے، وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے دوران منظوری دی۔ جس کاباقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صنعت و تجارت کے وزیر میاں اسلم اقبال کو اطلاعات اور کلچر کا اضافی قلمدان سونپ دیا، صمصام بخاری کو محکمہ کنسولیڈیشن آف ہولڈنگ دیا گیا ہے۔ سوشل ویلفیئراور بیت المال کے محکمے وزیر قانو ن راجا بشارت کے سپردکیے گئے ہیں۔ہائر ایجوکیشن کے وزیر ہمایوں یاسر سے سیاحت کااضافی قلمدان واپس لے لیا جس کا اضافی قلمدان یوتھ آفیئرز کے وزیر تیمور خان کو دیا گیا ہے۔ محکمہ بلدیات کی وزارت وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے پاس رکھی ہے۔ قبل ازیں یہ وزارت راجا بشارت کو دی گئی تھی۔ محمد اجمل سے سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کی وزارت واپس لے لی گئی، ان کو چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کی وزارت دی گئی ہے۔ وزیراعظم نے گزشتہ روز پنجاب کابینہ میں ردوبدل کی منظوری دی تھی۔