سفارش اور دھمکیاں نہیں چلیں گی،احتساب جاری رہے گا،وزیراعظم عمران خان

347

میانوالی(خبرایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سفارش اور دھمکیاں نہیں چلیں گی‘ جومرضی کرلیں، احتساب جاری رہے گا ۔ ان کے بقول اللہ سے وعدہ کیا تھا ایک موقع ملے تو ملک کو لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑوں گا۔میانوالی میں نمل اسپتال کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دنیا اس شخص کو یاد رکھتی ہے جو انسانوں کے لیے کچھ کرجائے،بڑا شور مچا ہے کہ فلاں پکڑا گیا اور فلاں پکڑا جارہا ہے، ان لوگوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا اور کہتے ہیں جواب نہیں دیں گے، جواب ہم لیں گے اور قوم لے گی ، لوگوں میں خوف تب آئے گا جب بڑے پکڑے جائیں گے، جب طاقتور کا احتساب کریں گے تو لوگ خوفزدہ ہوں گے، ملکی ترقی کے لیے چین کی طرح 450وزراکو جیلوں میں ڈالنا ہوگا۔عمران خان نے کہا کہ طاقتور کو قانون کے دائرے میں لارہے ہیں، 10 سال میں 24 ہزار ارب روپے قرض چڑھا، یہ پیسہ جن کی جیبوں میں گیا جب تک ان کا احتساب نہیں ہوگا ملک آگے نہیں بڑھے گااور چوری نہیں رکے گی۔وزیراعظم کا کہناتھا کہ احتساب چھوٹے چوروں کو پکڑنے سے نہیں طاقتوروں کو پکڑنے سے ہوتا ہے،پہلی بار بڑوں پر ہاتھ ڈال رہے ہیں،اداروں کو آزاد چھوڑا دیا ہے وہ جس کو چاہیں کرپشن پر پکڑیں، ملک کو لوٹنے والوں کے احتساب کا وعدہ پورا کریں گے، بے نامی جائداد ضبط ہونا شروع ہو گئی ہیں،قوم کا لوٹا گیا پیسہ وصول کرکے غریبوں کی فلاح کے احساس پروگرام پرخرچ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جب لیڈر شپ کرپشن کرے گی تو پھر سب کریں گے، کرپشن اور منی لانڈرنگ ہوگی تو ڈالر اوپر جائے گا۔ عمران خان کا کہنا تھاکہ اب حالات سنبھلتے جارہے ہیں،اب آپ دیکھیں گے پاکستان اوپر جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے میانوالی ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کا مقصد عام لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے، ریلوے کو ترقی دے رہے ہیں، میانوالی ایکسپریس کے آغاز سے علاقے کے لوگوں کو آسان سفر کی سہولت میسر آئے گی، ایم ایل ون منصوبے سے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں انقلاب آئے گا۔