نیب نے شریف خاندان کے 150 اکائونٹس مجنمد کردیئے

273

لاہور(نمائندہ جسارت )قومی احتساب بیورو(نیب) کے حکم پرشہبازشریف خاندان کے مختلف بینکوں میں لگ بھگ ڈیڑھ سو اکائونٹس منجمد کردیے گئے ہیں۔ بند کیے گئے کھاتوں میں شہبازشریف سمیت ان کے بیٹے حمزہ اورسلمان شہباز کے اکائونٹس بھی شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب کی جانب سے رابعہ عمران، مہرانساء اور نصرت شہباز سمیت عائشہ ہارون کے اکائونٹس بھی منجمد کیے گئے ہیں۔ یہ فیصلہ آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیسز کی وجہ سے کیا گیا جن کی تحقیقات کے دوران شہباز شریف تسلی بخش جوابات نہیں دے پائے اور ترسیلات زر کی تمام تر تفصیلات بھی فراہم نہیں کی گئیں۔اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ جلد ریونیو، ایکسائز اور دیگر متعلقہ مالیاتی اداروں کو بھی اکاؤنٹس منجمد کرنے کے لیے خط بھجوا دیے جائیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف کے اثاثے عارضی طور پر منجمد کروائے جائیں گے اور جب تک سابق وزیراعلیٰ پنجاب اپنی جایداد سے متعلق نیب کو مطمئن نہیں کرتے تب تک یہ اثاثے منجمد رہیں گے۔ واضح رہے کہ نیب لاہور کی طرف سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے خاندان کے اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ 15جولائی کو سامنے آیاتھا۔