سینیٹ کمیٹی ‘وزیرستان میں امن کیلیے مذاکرات جاری رکھنے کا اعلان

150

اسلام آباد (صباح نیوز)قومی یکجہتی کے فروغ کیلیے سینیٹ کی خصوصی کمیٹی نے وزیرستان میں قیام امن عوام اور اداروں میں قریبی رابطوں کے فروغ کے لیے مذاکرات اور گفت وشنید کا عمل جاری رکھنے کا اعلان کردیا،کمیٹی نے خیبرپختونخوا حکومت، گورنر اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطوں کا اعلان کیا ہے تاکہ غلط فہمیوں کے حوالے سے متعلقہ معاملات میں صوبائی حکومت کی مدد سے پیش رفت کو ممکن بنایا جاسکے۔ کمیٹی کا اجلاس جمعے کو سینیٹر بیرسٹر محمد علی سیف کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔کمیٹی نے سوشل میڈیا اور مختلف سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر مقدس شخصیات کے خلاف گستاخانہ مواد کی اشاعت کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ کوئی بھی مذہب یاعقیدے پر بات کی اجازت نہیں دیتا۔ کمیٹی نے شدید تشویش ظاہرکی ہے کہ توہین کے مواد کے واقعات زور پکڑ رہے ہیںاس سلسلے میں مناسب پالیسی کا ہونا ضروری ہے۔ کمیٹی کے اگلے اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو طلب کر لیا ہے گیا۔ ایسی ویب سائٹس کو بلاک کرنے اور ملوث ان افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کا جائزہ لیا جائے گا۔سینیٹر بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ کمیٹی کے اب تک 7 اجلاس ہو چکے ہیں جس میں پی ٹی ایم کی قیادت اور وزیرستان قومی جرگے کے نمائندوں کے ساتھ بھی ملاقات ہوچکی ہیں ۔ کمیٹی اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ مذاکرات اور گفت وشنید کا عمل جاری رکھے گی کیونکہ ہمارے مسائل کا حل ہی مذاکرت میں پوشیدہ ہے۔