یوم الحاق پاکستان پر دنیا بھر میں کشمیریوں کی ریلیاں جدوجہد جاری رکھنے کا عزم

365

سری نگر/ مظفر آباد(خبر ایجنسیاں)کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے جمعہ کو یوم الحاق پاکستان منایا،جلسے، جلوس ،سیمینار ز،ریلیوں کا انعقاد، مرکزی تقریب لبریشن سیل کے زیر اہتمام مظفرآباد میں ہوئی جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی اسلام آباد میں گول میز کانفرنس،حق خودارادیت کے حصول اور پوری ریاست کے پاکستان کے ساتھ الحاق تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ ۔تفصیلات کے مطابق جمعے کے روز کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھرمیں مقیم کشمیریوںنے یوم الحاق پاکستان بھارتی تسلط سے آزادی اور جموں وکشمیر کے پاکستان میں مکمل انضمام تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کے ساتھ منایا ۔19جولائی 1947 ء کو سری نگر میں آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کے لیے ایک قرارداد منظور کی گئی تھی ۔پوری ریاست کے پاکستان کے ساتھ الحاق کے نظریے کے استحکام اور فروغ کے جذبے کے ساتھ اس دن کو پوری ریاست میں سیمینار ، ریلیاں اور تقریبات منعقد ہوئیں ۔اس دن کی مرکزی تقریب جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیراہتمام میونسپل کارپوریشن میں ہوئی۔آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم راجا محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آج کا دن کشمیریوں کیلیے ایک یادگار دن ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی منزل و محور پاکستان ہے ،راجا فاروق حیدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری بھارت سے آزادی لے کر الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے رہیں گے۔میر پور اورآزاد جموںوکشمیر کے دیگر علاقوں میں بھی آج ریلیاں اور کانفرنسیں منعقد کی گئیں جن میں 19جولائی کی قرار داد میں طے کی گئی منزل کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوںکے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ جب تک ان کے حقیقی رہنمائوں کی طرف سے پاس کی گئی قرارداد پر پوری طرح عمل درآمد نہیں کیا جاتا بھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت جاری رہے گی ۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کی طرف سے یوم الحاق پاکستان کے سلسلے میں ا سلام آباد میں حریت دفتر پر منعقدہ ایک گول میز کانفرنس کے مقررین نے انیس جولائی کو کشمیر کی تاریخ کا ایک اہم دن قرار دیا جب کشمیریوں نے 1947میں اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کر لیا تھا۔