مریم نواز کے خلاف نیب کی جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کی درخواست خارج

437

احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کی درخواست خارج کر دی۔

مریم نواز کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کرنے سے متعلق کیس کی سماعت احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے کی۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے عدالت میں دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں ٹرسٹ ڈیڈ جعلی تھی، مریم نواز  نے کہا تھا کہ عدالت کا دائرہ اختیار نہیں لیکن یہ عدالت کا خصوصی دائرہ اختیار ہے۔

اس دوران مریم نواز نے نیب پراسیکیواٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو ایک سال کا عرصہ کیوں لگا عدالت کو یاد دلانے میں؟ نیب پراسیکیواٹر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہی بتا رہا ہوں۔

مریم نواز نے نیب پراسیکیوٹر سے کہا کہ آپ نے تھوڑی سی دیر کر دی، بس ایک سال جس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ دیر آید، درست آید۔ مریم نواز کے وکیل نے امجد پرویز ایڈوکیٹ نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہروقت بندہ درست نہیں آتا۔

امجد پرویز ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت میں درخواست دائر کرنا نیب کا اختیار نہیں تھا بلکہ یہ عدالت کے خصوصی دائرہ اختیار میں آتا ہے اور درخواست دائر کرنے کی 30 روز کی قانونی مدت بھی ختم ہوچکی لہذا نیب کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیا جائے۔