خبردار! فیس ایپ سیکورٹی رسک ہے

567

سوشل میڈیا پر انسانی تصاویر کی عمر بڑھانے اور گھٹانے کی وائرل ایپلی کیشن ‘فیس ایپ’ کے متعلق سیکیورٹی خدشات پر بحث گرم ہوگئی ہے۔

امریکی بزنس جریدے نے خبردار کیا ہے کہ ایپ کے ذریعے کمپنی کو دنیا میں تقریباً 15 کروڑ لوگوں کی تصاویر کے ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوگئی ہے۔

امریکی جریدے کے مطابق ایپ کو گوگل پلے سے 10 کروڑ سے زیادہ لوگ ڈاؤن لوڈ کرچکے ہیں جبکہ دنیا کے 121 ممالک میں یہ ٹاپ رینکنگ ایپ بن چکی ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کمپنی اپنی یادداشت میں محفوظ ان تصاویر کو جب چاہے جس مقصد کیلئے چاہے استعمال کرسکتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایپ میں محفوظ ڈیٹا کے ذریعے مصنوعی ذہانت کے کمپیوٹر پروگرام کو چہرہ کی شناخت کی تربیت دینے کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

امریکی ریاست نیویارک سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹک سینیٹر چک شومر نے امریکا کی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) اور فیڈرل ٹریڈ کمیشن (ایف ٹی سی) کو خطوط لکھ دیے ہیں جن میں ان اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ روس میں تیار ہونے والی اس ایپ کیخلاف تحقیقات کا آغاز کریں۔