صنعتکار جتنے آج پریشان ہیں ایسے کسی دور میں نہیں تھے ،سلیم الدین قریشی

164

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے سینئر نائب صدر سلیم الدین قریشی نے کہا ہے کہ شرح سود میں ایک فی صد اضافے سے مزید مہنگائی کے طوفان کی نوید سُنادی گئی ہے جبکہ موجودہ دور میں اَب تک شرح سود میں 5.75 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔ بجٹ آنے کے بعد تاجر و صنعتکار برادری میں خصوصاً اور ملک میں عموماً بے چینی کی لہر آئی ہوئی ہے، اسٹاک مارکیٹ زوال پذیر ہے، صنعتکاری جتنی مخدوش حالت میں ہے
اِس سے قبل کبھی نہ تھی، ڈالر کی قیمت بڑھنے اور روپے کی قدر میں کمی اور سونے کی قیمتوں میں روز افزوں اضافے سے معاشی بدحالی دستک دے چکی ہے۔ ضرورت اِس اَمر کی ہے کہ حکومت اور بزنس کمیونٹی مل بیٹھ کر معیشت کی اَبتر ہوتی صورتحال پر باہمی طور پر غورو فکر کرے کیونکہ موجودہ حالات میں کوئی مثبت راستہ تلاش کرنا ضروری ہے اور ایسے حالات میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری بھی ناممکنات میں سے ہے۔ آئی ایم ایف کے تحت مہنگائی 13 فیصد تک بڑھ چکی ہے اور فنانس بل 2019ء نے ملک و قوم کو مزید کنفیوژن میں مبتلا کردیا ہے اور بے یقینی کی صورتحال اَبتر سے اَبتر ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسٹیک ہولڈرز سے کھلے دل کے ساتھ مذاکرات کرے اُن کو اعتماد میں لے اور فنانس بل 2019ء میں ملکی مفاد میں ضروری ترامیم کرے۔
حیدرآباد اسمال ٹریڈرز