وفاق نے صحت کے شعبے کو بھی کمائی کا ذریعہ بنا لیا،مرتضیٰ وہاب

177

کراچی ( آن لائن) وفاقی حکومت کی جانب سے اسپتالوں پر سیلز ٹیکس کے نفاذ پر مشیر اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی نااہل حکومت نے صحت کے شعبہ کو بھی کمائی کا ذریعہ بنالیا ہے۔ایف بی آر کی جانب سے اسپتالوں کو سیلز ٹیکس کا نوٹس دینا ظلم ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اب اسپتال بھی سیلز ٹیکس کی زد میں آچکے ہیں۔ بجلی اور گیس کمپنیوں کو اسپتالوں سے اسٹینڈرڈ سیلز ٹیکس وصولی کا حکم ملا ہے۔ ملک میں صحت کی سہولیات ویسے بھی دگر گوں ہیں اس پر سیلز ٹیکس کا نفاذ زیادتی کے مترادف ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی نااہل حکومت نے
ہر شعبہ کو تباہ کردیا ہے۔ جب اسپتال بھی ٹیکس دیں گے تو صحت کی سہولیات عوام کی پہنچ سے دور ہوں گی۔ پیپلز پارٹی نے کبھی بھی عوامی خدمات کے شعبوں کو تنگ نہیں کیا۔ تحریک انصاف سیاسی انتقام اور استحصال کرنے میں حواس باختہ ہو چکی ہے لہٰذا حکومت ہوش کے ناخن لے اور اسپتالوں سے سیلز ٹیکس کے نفاذ کا فیصلہ فوری واپس لے۔ علاوہ ازیں مشیر اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب کے نرسوں سے مزاکرات کامیاب ہوگئے مشیر اطلاعات بیر سٹر مرتضی وہاب نے مذاکرات کے بعد نرسوں کا پی آئی ڈی پر احتجاج ختم کرا دیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹے میں مطالبات کی منظوری سے متعلق نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائیگا کیونکہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت عوام کے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے۔ اور عوام کی صحت سے متعلق کوئی سمجھوتا قبول نہیں کیا جائے گا۔
مرتضی وہاب