احتساب شروع ہوگیا،جس نے جو کیا ہے وہ بھگتے گا،وفاقی وزیر داخلہ

271

کراچی(نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ احتساب شروع ہوگیا ،جس نے جو کیا ہے وہ بھگتے گا۔ان کے بقول شاہد خاقان عباسی نے بھی کچھ کیا ہو گا جب ہی نیب نے انہیں گرفتار کیا ، اگر انہوں نے کچھ نہیں کیا تو انہیں چھوڑ دیا جائے گا۔جمعرات کو گورنر ہاؤس کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعجاز شاہ نے کہا کہ نیب ایکآزاد ادارہ ہے اس کا چیئرمین (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے ہی لگایا تھا، کسی کی گرفتاری میں حکومت کا کوئی دخل نہیں، مفتاح اسماعیل نے کچھ کیاہوگا جو نیب گرفتار کرے گی، آصف زرداری نے خود کہا تھا ایسا تو ہوتا ہے ایسے کاموں میں۔ وزیر داخلہ کے بقول مجھے نیب نے بتایا ہے کہ جس نے غلط کیا ہے اس نے گرفتار ہونا ہے، ملک کو قائم و دائم رکھنے کے لیے قانون کی حکمرانی ناگزیر ہوگئی۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ میرے پاس وزیراعظم کا ایجنڈا نہیں ہے، وہ فرنٹ فٹ پر کھیلتے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ جو بات کسی پاکستانی حکمران نے امریکی صدر سے نہیں کی ہوگی وہ عمران خان کریں گے۔حافظ سعید کی گرفتاری سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی پالیسی میں واضح تبدیلی آگئی ہے، عمران خان متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ اب کوئی بھی جہادی تنظیم ملک میں نہیں ابھرنی چاہیے، وزیراعظم وہ کام ضرور کریں گے جو ملکی مفاد میں ہو، اب کوئی بندوق لے کر نہیں چل سکتا، سول حکومت اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہیںان سے سوال کیا گیا کہ بلاول زرداری آپ کو اپنی والدہ بینظیر بھٹو کے قتل کا ذمے دار قرار دیتے ہیں اس پر آپ کی کیا رائے ہے جس پر وزیر داخلہ نے جواب دیا کہ ‘ان کے والد کی 5 سال حکومت تھی، اگر میں نے کچھ کیا تھا تو مجھے پھانسی لگا دیتے۔
اعجاز شاہ