داؤد ابراہیم کے بھتیجے رضوان کاسکر کو گرفتار کر لیا گیا

848

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک ) انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے بھتیجے رضوان کاسکر کو بھتہ خوری کیس میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق رضوان کاسکر داؤد ابراہیم کے چھوٹے بھائی اقبال کاسکرکا بیٹا ہے جسے بھتہ خوری کے کیس میں گرفتار کیا گیا۔رضوان کاسکر کی گرفتاری سہولت کار چھوٹا شکیلکی گرفتاری کے بعد عمل میں لائی گئی جسے بھارتی پولیس نے اپنی شاندار کامیابی قرار دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق رضوان کاسکر کو بدھ کی رات ایرپورٹ سے گرفتار کیا گیا جہاں وہ بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کر رہاتھا۔ کرائم برانچ کے سینئر افسر نے بتایا کہ کچھ روز قبل ممبئی کے انسداد بھتہ خوری سیل نے کارروائی کرتے ہوئے داؤد ابراہیم کے اہم گینگ ممبر فہیم مچمچ کے قریبی ساتھی احمد رضا کو حراست میں لیا تھاجس سے تفتیش کے دوران رضوان کاسکر کا نام سامنے آیااسی کی بنیاد پر رضوان کاسکر کی گرفتاری کے لیے ایک جال بچھایا گیا جو کامیاب ہو گیا اور رضوان کاسکر کو ائیرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔ خیال رہے کہ گذشتہ برس بھی انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے قریبی ساتھی کو لندن سے گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارت نے برطانیہ سے جابر موتی کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق جابر موتی ڈی کمپنی کے مالیاتی امور کا سربراہ ہے۔جابر موتی کو لندن کے ہلٹن ہوٹل سے حراست میں لیا گیا، وہ دس سال کے ویزے پر برطانیہ میں مقیم تھا۔ جابر موتی پر انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے غیرقانونی دھندوں میں معاونت فراہم کرنے کا الزام عائد تھا اور وہ مبینہ طور پر مشرق وسطیٰ، برطانیہ، یورپ، افریقہ اور جنوب مشرقی ایشیا میں داؤد کا کاروبار بھی دیکھتا تھا۔ یاد رہے کہ بھارت میں داؤد ابراہیم انتہائی مطلوب ہے، بھارت نے کئی مرتبہ داؤد ابراہیم تک پہنچنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا ہے جس کے بعد اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے بھارت نے الزام عائد کیا کہ داؤد ابراہیم پاکستان کے شہر کراچی میں ہے۔بعد ازاں اقوام متحدہ کی کمیٹی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی رہائش اور تفریح کے فراہم کیے 9 ایڈریسز میں سے 3 غلط ہیں جنہیں اقوام متحدہ نے اپنی فہرست سے خارج کر دیا تھا۔
دائود ابراہیم