حیدرآباد:ایم کیو ایم کو بھتا نہ دینے پر ثقافتی تقریب منسوخ

187

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کو 10 لاکھ روپے بھتا نہ دینے پر 18جولائی سے شروع ہونے والی ثقافتی تقریب کی ایک رات قبل اجازت منسوخ کردی گئی۔میئرحیدرآباد عوام کے لیے بنائے گئے قائد ملت پارک پر کمرشل شو کے لیے پہلے 25ہزار روپے یومیہ کے حساب سے وصول کرچکے ہیں۔تقریب منسوخ ہونے سے آرگنائزر کے33لاکھ روپے ڈوب جائیں گے۔ متاثرین نے عدالت جانے کی دھمکی دے دی۔ قائد ملت پارک لطیف آباد میں18جولائی سے 21جولائی تک ثقافتی شو منعقد کرنے والے آرگنائزر مظہر اقبال‘ بلال اختر اور جہانزیب نے پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام میئر حیدرآباد کی جانب سے قائد ملت پارک کا اجازت نامہ تمام ادائیگیوں کے باوجود اچانک 17جولائی کو منسوخ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے الزام عاید کیا کہ 10 لاکھ روپے بھتا مانگا جارہاہے جو کہ ناقابل قبول ہے اگر فی الفور اس معاملے پر توجہ نہ دی گئی تو ہم عدالت کا دروازے کھٹکھٹائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ میئر حیدرآباد سہیل مشہدی نے خودیومیہ25ہزار روپے اور 5ہزار روپے سیلز ٹیکس کی مد میں وصول کرنے کے بعد قانونی طور پر اجازت نامہ جاری کیا تھا اورتو17جولائی کو انہوںنے نامعلوم وجوہات کی بنا پر اجازت نامہ منسوخ کردیا جب ہم نے میئر سے رابطہ کیا تو انہوںنے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان حیدرآباد کے زونل انچارج سے ملیں، زونل انچارج سے ملے تو انہوںنے کہاکہ رابطہ کمیٹی سے رابطہ کریں ہم نے ان سے کہاکہ ہمارا مسئلہ حل کریں تو اس پر انہوںنے 10 لاکھ روپے بھتاطلب کیا جس کو دینے سے ہم نے انکار کردیا تو انہوںنے پارک دینے سے یکسر انکار کردیا۔ا نہوںنے کہاکہ ہم نے اجازت نامہ ملنے کے بعد33لاکھ روپے فنکاروں کو ایڈوانس دیا ہوا تھا جو کہ ضائع ہورہاہے ہمیں شدید مالی نقصان ہورہا ہے ہمار مقصد تو یہ تھا کہ شہر میں ثقافتی سرگرمیوں کا آغاز کرکے شہریوں کو تفریح مہیا کریں لیکن بھتاخوری کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں رہا انہوںنے متنبہ کیا کہ اگر مسئلہ کو میئر حیدرآباد نے حل نہ کیا تو ہم عدالت سے انصاف کے لیے رجوع کریں گے ۔
ایم کیو ایم بھتہ