ایڈز پر قابو پانے کیلیے 60کروڑ روپے مختص کردیے،وزیر اعلیٰ سندھ

170

کراچی (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایچآئی وی پر قابو پانے اور پھیلائو کو روکنے کے لیے 600 ملین روپے مختص کیے ہیں ، متاثرہ لوگوں کی بحالی کے لیے ایک ارب روپے کا انڈونمنٹ فنڈ بھی قائم کیاہے۔ یہ بات انہوں نے امریکی وفد گلیڈ سائنسز کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وفد کی سربراہی تنظیم کے نائب صدر کلفورڈ سیمیوئل کررہے تھے ، دیگر اراکین میں مس ہیما سرینی ویسن سینئر ڈائریکٹر جنوبی ایشیاء ، کلوڈیو لیلین فیلڈ سینئر ڈائریکٹر گورنمنٹ افیرئرس ایشیاء پیسیفک اور فیروز سنز لیب کے سی ای او عثمان خالد وحید شامل تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وفد کو بتایا ایڈز کا معاملہ سامنے آنے پر 32151 لوگوں کی اسکرینگ کی گئی جن میں سے 936 ایچ آئی وی پازیٹیو سے متاثرہ پائے گئے۔ وزیر اعلیٰ نے ایڈز کے پھیلاؤ کوروکنے کے لیے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے بتایا کہ چلڈرن اسپتال لاڑکانہ میں نیا پیڈیا ٹرکس ٹریٹمنٹ سینٹرقائم کیاجارہا ہے اور اسی طرح کا سینٹر تعلقہ ہیڈ کوارٹر اسپتال رتو ڈیرو میں بھی قائم کیا جارہاہے۔ سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی نے غیر قانونی بلڈ بینکس کے خلاف آپریشن شروع کیا ہے اور اتائی کلینکس کو بھی سیل کیا ہے۔ اس کے ساتھ چند پروگرام مثلاً لیڈی ہیلتھ ورکرز ، ای پی آئی،نیوٹریشن،ایم این سی ایچ، ہیپاٹائٹس بھی مؤثر طریقے سے رتو ڈیرو لاڑکانہ میں چل رہے ہیں،آٹو لاک سرینجز بھی متعارف کرائی ہے۔اس حوالے سے بین الاقوامی این جی اوز اور یو این ایجنسیز مثلاً یونیسیف ، ڈبلیو ایچ او، یواین ایڈ،جی ایف ایٹی ایم،یو ایس ایڈ۔جے ایس آئی کو فنی تعاون کے لیے آن بورڈ لیاگیاہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے ڈبلیو ایچ او کا ایچ آئی وی آئوٹ بریک کے حوالے سے 3 مشنز کا اہتمام کرنے پر اور 600 ایچ آئی وی پازیٹیو بچوں کو 3 ماہ کے لیے ضروری ادویات فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ گلیڈ سائنسز کے نائب صدر کلفورڈ سیمیوئل نے وزیر اعلیٰ کو تعاون کی پیشکش کی۔
وزیراعلیٰ سندھ